Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

پانی کا مؤثر استعمال اور خواتین کا کردار اہم ترین تقاضوں میں شامل : فیصل شوکت

منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے ورلڈ واٹر اینڈ جینڈر ویک 2026 کے حوالے سے کہا ہے کہ پانی کا مؤثر استعمال اور خواتین کا کردار موجودہ دور کے اہم ترین تقاضوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد پانی کے بحران اور صنفی مساوات جیسے اہم مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن، فارمرز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے منعقد ہونے والی یہ تقریب پانی اور جینڈر کے باہمی تعلق کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی دستیابی میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے جس کے باعث خواتین کو گھریلو اور زرعی سطح پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین نہ صرف متاثرہ طبقہ ہیں بلکہ پانی کے بہتر انتظام میں کلیدی کردار بھی ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واسا ملتان شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور ایسے پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والے تجربات اور سفارشات کو مقامی سطح پر نافذ کیا جائے گا۔

ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے کہا کہ واسا ملتان شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان شہر میں تقریباً 1500 کلومیٹر طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور 84 ٹیوب ویلوں کے ذریعے روزانہ تین مرتبہ شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم اس سہولت کے مؤثر استعمال کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے گھریلو سطح پر پانی کے ضیاع کی روک تھام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برتن دھوتے، کپڑے صاف کرتے، نہاتے اور گاڑیاں دھوتے وقت پانی کے استعمال میں احتیاط برتی جائے اور جدید طریقوں کو اپنایا جائے انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں شرکت سے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ ملے گا اور پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے جدید اور پائیدار حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واسا ملتان مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا جو پانی کے تحفظ، ماحولیاتی بہتری اور صنفی مساوات کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button