اسامہ بٹ نے منگولیا میں ورلڈ ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیت لیا

پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی اسامہ بٹ نے ورلڈ ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا، یہ عالمی ایونٹ اس وقت منگولیا میں منعقد ہو رہا ہے۔
اسامہ بٹ جو کہ ماہر کوچ محمد ابرہیم بیگ کے زیر تربیت ہیں، نے پہلے راؤنڈ میں منگولیا کے مقامی کھلاڑی کو شکست دی، اور پھر دوسرے مقابلے میں قازقستان کے طاقتور حریف کو ہرایا۔ ان مسلسل فتوحات کے بعد انہوں نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔فائنل میں اسامہ نے زبردست مقابلہ کیا، تاہم معمولی فرق سے گولڈ میڈل جیتنے سے محروم رہے۔
نواب فرقان خان، صدر پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن، نے کہا اسامہ بٹ کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے، منگولیا اور قازقستان جیسے ممالک کے خلاف کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کھلاڑی عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں۔




















