چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ

مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیٹرول کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے تعلیمی شعبے میں توانائی بچت کے لیے چھٹیوں میں توسیع کا اصولی فیصلہ کرلیا، جس پر مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ تعطیلات جو 31 مارچ تک جاری ہیں، ان میں توسیع کر کے 15 اپریل تک کر دی جائیں گی، جس کے تحت تمام سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو بند رکھا جائے گا جبکہ تعلیمی سرگرمیاں ہائبرڈ نظام کے تحت جاری رہیں گی یعنی بیشتر تعلیم آن لائن ہوگی اور صرف لیبارٹری یا عملی کام کے لیے ہفتے میں ایک یا دو دن طلبہ کو بلایا جا سکے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں دن کے وقت آنے جانے اور بجلی کے استعمال سے روزانہ لاکھوں لیٹر پیٹرول اور ڈیزل کی بچت ممکن ہو سکے۔
اس فیصلے پر والدین اور اساتذہ تنظیموں نے ملا جلا ردعمل دیا ہے اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے فیسوں اور تنخواہوں کے حوالے سے حکومت سے رہنمائی طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ اگر تعطیلات میں یہ توسیع حتمی شکل اختیار کر لیتی ہے تو بورڈز کے سالانہ امتحانات کے شیڈول میں بھی ممکنہ طور پر نظر ثانی کی جائے گی والدین اور اساتذہ کا بھی یہی کہناہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سر پر آگئے ہیں جبکہ بچوں کی تیاری مکمل نہیں حکومت سارے مسائل کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرے اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے ۔


















