سٹی کالج ملتان کا کانووکیشن : ڈاکٹر منصور کنڈی نے ڈگریاں ایوارڈ کیں

بہا ء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہاہے کہ تعلیم ایسا زیور ہے جو انسان کا خاصہ بن کر رہتا ہے، اور نوجوانوں کی شناخت بھی اسی زیور سے ہے۔
سٹی کالج ملتان کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے مزید کہاکہ شہر اولیاء میں سینکڑوں تعلیمی ادارے علم کی شمعیں روشن کررہے ہیں، اور خوشی کی بات ہے کہ سٹی کالج کے طلباء طالبات نے اپنا پہلا چار سالہ سیشن مکمل کرلیا ہے اور روشن مستقبل اب ان کا منتظر ہے ۔
وائس چانسلر نے پوزیشن ہولڈر طلبا اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء طالبات کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علیم احمد خان نے کہاکہ بے حد خوشی ہوئی ہے کہ سینکڑوں طلباء طالبات نے اپنی ڈگری مکمل کی ہے اور عملی زندگی میں داخل ہورہے ہیں ۔
انہو ںنے مزید کہاکہ میں توقع کرتا ہوں کہ تعلیم مکمل کرنے والے طلباء طالبات نہ صرف اپنے اداروں کے لیے کام کریں گے ، بلکہ ملک اور اس کی سلامتی کو بھی سب سے پہلے مقدم جانیں گے۔
ڈائریکٹر سٹی کالج ملتان وحید احمد اور لئیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اعزاز ہمیں حاصل ہے کہ ہمارے زہین طلباء طالبات نے نہ صرف چار سالہ بی ایس پروگرام کے تحت اپنی تعلیم مکمل کی ہے، بلکہ اپنی قابلیت کی بناء پر یونیورسٹی اور بورڈ کی سطح پر اعلی پوزیشنیں بھی حاصل کی ہیں۔
انہو ںنے کہاکہ قابل اساتذہ کی ٹیم کی بدولت یہ سب ممکن ہوا ہے اور ہم اس مشن کو جاری رکھیں گے۔
کانووکیشن کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو راکبر کنڈی نے طلباء طالبات کے مابین ڈگریاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علیم احمد اور رجسٹرار صہیب راشد خان و دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔


















