اساتذہ کی بالادستی تسلیم، زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گھٹنے ٹیک دئے
زکریا یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کو غلط مشورے دینے والے مشیروں کو پہلی شکست ہوگئی، ڈاکٹر زبیر اقبال نے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اساتذہ کو ساتھ لیکر چلنے کا اعلان کردیا اور کیمپس کے معاملات چلانے کےلئے ڈین اور پروفیسرز سے’’ مدد ‘‘مانگ لی۔
زکریا یونیورسٹی میں ہونےو الے ڈین چیئرمینز کے اجلاس میں وائس چانسلر نے اپنی پالیسی کو سرنڈر کرتے ہوئے واضح انداز میں اساتذہ کو کہاکہ ـ’’ساتھ مل کرچلتے ہیں جیسے کہیں گے ویسے ہوگا‘‘۔
ذرائع کا دعویٰ ہے اس اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر کا کہناتھا کہ ان کوضرورت سے زیادہ تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کی زندگی کوتھرڈ بھی ملا اور اس لئے مل جل کر کیمپس کے معاملات کو چلایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی طرف سے بھی مثبت روئے کا اظہار کیا گیا اور وائس چانسلرکو یونیورسٹی ایکٹ ،کلینڈر کے مطابق معاملات کو چلانے میں مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی کے حوالے سے اتنے ہی پریشان ہیں جتنے وائس چانسلر مگر معاملات کو مل جل کر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ یہ ایک بڑی پیش رفت ہے اس فیصلے سے یونیورسٹی میں چھائی بے یقینی کی کیفیت ختم ہوگی، ایسے وقت میں جب وائس چانسلر کی طرف سے یہ پیغام دئے جاتے رہے کہ "یہ اکیڈمک کونسل بدمعاش ہے، اس سے نمٹ لیں گے” یہ بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے، جس کی مثبت اثرات یونیورسٹی میں جلد نظر آنے کا امکان ہے ۔