واسا کا ملتان کے شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے بھرپور اور مکمل ریلیف دینے کے لئے بڑا اقدام

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ قیصر رضا نے سیوریج منصوبوں کی تکمیل کے دوران ہاؤس کنکشن کا کام کروانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ کو اپنی اپنی حدود میں تمام جاری بڑی سکیموں میں فوری طور پر ہاؤس کنکشن کاعمل شروع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ آئندہ نئی سکیموں کی تیاری اور ان کے تخمینہ لاگت میں ہاؤس کنکشن کے اخراجات بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ۔
یہ احکامات انہوں نے گذشتہ روز سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران کے اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیے۔
ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے ۔
اس دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ قیصر رضا نے کہا کہ واسا کاکام شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل کا مکمل طور حل دینا ہے نہ کہ ان کی گلیوں، علاقوں اور راستوں کی مشکلات میں اضافہ کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سیوریج کا کنکشن ڈائریکٹ مین ہول میں نہیں ہوگا ، سیوریج لائن کے ڈالنے یا اس کی تبدیلی کے وقت متعلقہ کنٹریکٹرحوضی کی تعمیر عمل میں لائے گا ، اور اس مین ہول کے نزدیکی دو سے تین گھروں کا سیوریج کنکشن حوضی کے ذریعے مین ہول کی تعمیر کے دوران سسٹم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ اس گلی کے رہائشی گلی یا سڑک کی تعمیر کے بعد اپنا سیوریج کنکشن کرنے کے لئے ٹف ٹائل یا اسفالٹ کے ساتھ ساتھ مین ہول کو نہ اکھاڑتے پھریں ۔
انہوں نے کہا کہ واسا کاکام شہریوں کو کمپلیٹ سلوشن فراہم کرنا ہے نہ کہ ہم ان کی مشکلات اور مسائل میں اضافے کا سبب بنیں ۔
انہوں نے سیوریج افسران پر واضح کیا کہ واسا میں ملازمت ان کے روز گار کا ذریعہ ہے اپنے ذمہ کاکام نیک نیتی سے سرانجام دیں، اور لوگوں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی واسا سے متعلق شکایات کا ازالہ اولین ترجیح ہے تمام افسران اپنی اپنی حدود میں نکاسی آب سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں ۔
ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کی روش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور کوالٹی آف ورک پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، میں خود فیلڈ وزٹ کرکے میعار کو چیک کروں گا۔



















