مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں واسا ملتان کیلئے 5 نئے منصوبےشامل
مینیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مالی سال2022-23 کے بجٹ میں واسا ملتان کیلئے 5 نئے منصوبوں کو شامل کیا ہے۔
جس میں جہانگیر آباد میں نئے ڈسپوزل اسٹیشن کے قیام اور سیوریج سسٹم کی 3 ارب 95 کروڑ روپے مالیت کی بڑی سکیم سمیت کل 4 ارب 40 کروڑ کی سکیمیں شامل ہیں۔
ان نئے منصوبوں کے آغاز سے شہریوں کو نکاسی آب کے دیرینہ مسائل سے بڑا ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال23 -2022 کے بجٹ میں 11 میگا جاری منصوبوں کے لئے بھی بجٹ میں تقریباً 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ان جاری منصوبوں کی تکمیل سے فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کو مزید بہتر کیا جا سکے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ ملتان و سابق رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر محمد علی کھوکھر اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جائیکا کے وفد سے ہیڈ آفس شمس آباد میں میٹنگ کے دوران کیا ۔
مینیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے کہا کہ ملتان کے سیاسی نمائندوں کی طرف سے ملتان شہر کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کو قرار دیئے جانے کے بعد سے حکومت پنجاب بجٹ میں سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کر رہی ہے، اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ملتان کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے نجات مل جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ 11 ترقیاتی سکیموں میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے فیز ٹو ، شہر بھر میں بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے، جبکہ چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن سکیم سمیت دیگر جاری منصوبوں کی مد میں ایک ارب ننانوے کروڑ 79ہزار روپے کے خطیر فنڈز مختص کر دیے ہیں ۔
مینیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے بجٹ میں فراہمی و نکاسی آب کے خطیر فنڈز مختص کیے جانے کے امر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے ماسٹر پلان کی سفارشات کے عین مطابق تیار کیے گئے ہیں، اور ماسٹر پلان کے مطابق ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔
اس دوران جائیکا کے وفد نے ایم ڈی واسا سے ملاقات کے دوران افسران اور ملازمین کی کپیسٹی بلڈنگ کے سلسلے میں فیز ٹو کے ٹریننگ شیڈول بارے تبادلہ خیال کیا۔