نواب پور روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائن تبدیلی پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت

منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے کہا ہے کہ نواب پور روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائن تبدیلی اور فورس مین پائپ لائن منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اولیاء کرام کے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، تاکہ عوام بنیادی سہولیات کے منصوبوں سے بروقت مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے بوسیدہ سیوریج لائن تبدیل کیے جانے کے مقام تک مین ہولز کی تعمیر،کنکشن کا کام عید سے قبل مکمل کر کے سڑک کو ٹریفک ایبل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ لیبر کو شہریوں سے اخلاق سے پیش آنے اور صبح و شام چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے موقع پر شہریوں کی طرف سے پیش کیے جانے والے مسائل ،تکالیف کا بھی نوٹس لیا ، اور متعلقہ سیوریج افسران کو شکایت کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دیا ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نواب پور روڈ میں سیوریج اور فورس مین پائپ لائن منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔
ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد خضر ودیگر بھی موقع پر موجود تھے ۔
اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا کو سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نواب پور روڈ پر 14600 فٹ لائنیں تبدیل کی جا رہی ہیں، اور اب تک 54, 48اور42,36,30 انچ قطر کی 12600 فٹ بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کیا جا چکا ہے اور اس منصوبے سے محلہ شیخاں والا، بستی خیر شاہ، سلطان آباد ،خیر آباد کالونی، دیوان کا باغ ،حیدریہ اسٹریٹ، غازی کالونی صاحب الزمان روڈ، گلگشت کے علاقوں کو نکاسی آب کے مسائل سے ریلیف ملے گا۔

















