واسا کی آپریشنل اور مینٹینینس سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں

منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا کی ہدایت پر عید الفطر کے موقع پر فراہمی و نکاسی آب کا نظام بلا تعطل رواں رکھنے کے لیے آپریشنل اور مینٹینینس سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ، اور عید کی 2 تا 5 مئی تک ہونے والی تعطیلات کے لیے تمام سیوریج ،واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
عید تعطیلات کے دوران واسا کا آن لائن کمپلینٹ سیل 24 گھنٹے کھلا رہےگا ۔
ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عید تعطیلات کے دوران سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالہ کے لیے ٹیمیں دفاتر میں موجود ہوں گی، فراہمی و نکاسی آب کے ذیلی دفاتر بھی کھلے رہیں گے، جہاں پر ٹیم اور مشینری کوئیک رسپانس کے لیے موجود ہوگی۔
واسا کے مرکزی کمپلینٹ سیل نمبر 1334 پر موصول ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا ۔
عید تعطیلات کے انتظامات کے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے تمام سیوریج ،واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی اپنی حدود میں الرٹ رہنے اور شکایات کے موصول ہونے پر فوری رسپانس دینے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔
انہوں نے عید کے موقع پر نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر اور فراہمی آب کے انتظامات سے متعلق ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے، اور انہیں عید تعطیلات کے دوران انہیں فراہمی و نکاسی آب کا سسٹم بلا تعطل رواں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دریں اثنا بھٹہ کالونی میں نکاسی آب کی شکایت ملنے پر ایم ڈی واسا قیصر رضا موقع پر پہنچ گئے ،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے سیوریج اور ڈسپوزل سٹیشن ڈویژنوں کے افسران کو موقع پر طلب کرلیا۔
عارضی ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا، انہوں نے اس دوران المصطفی روڈ کا بھی دورہ کیا اور عید سے قبل سڑک کو ہموار کرنے کے اقدامات کا بھی معائنہ کیا۔


















