واسا کی ڈس کنکشن مہم میں تیزی ، 6 کروڑ کا ٹارگٹ مقرر

سیوریج اور واٹر سپلائی کے ماہانہ بلوں کی وصولی کے لئے شعبہ ریکوری کی ڈسکنکشن مہم میں تیزی آ گئی ہے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا شہزاد منیر نے شعبہ ریکوری کو سخت محنت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اور فروری 2022 کے مہینے کے ریکوری ٹارگٹ کوپورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد سمیت تمام ریکوری افسران کو ریکوری میں اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے اور فروری کے مہینے کے لیے کم ازکم ٹارگٹ 6 کروڑ روپے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
انہوں نے اس دوران ریکوری سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ واسا اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والا ادارہ ہے ،جس کے اپنے تمام تر اخراجات کا انحصار صارفین سے وصول ہونے والے بلوں کی رقوم پر ہے۔
ریکوری سٹاف دیرینہ واجبات کے ساتھ ساتھ کرنٹ ریکوری پر خاص توجہ مرکوز کرے۔
انہوں نے کہااس ادارے کی عزت ہماری ورکنگ سے ہے ہمیں اپنی عزت بڑھانے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سب کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکوری ٹارگٹ کو ہر مہینے بتدریج بڑھانا ہوگا ، بصورت دیگر تنخواہوں،پنشن،بجلی،تیل کے اخراجات کی ادائیگی مشکل ہو جائے گی ۔
انہوں نے واسا ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے، جبکہ ریکوری سٹاف پر واضح کیا کہ ریکوری ٹارگٹ پر خاص توجہ دی جائے ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔
انہوں نے اس دوران صارفین کو بھی آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واسا واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کو فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو مزید بہتر کیاجا سکے۔



















