یونیورسٹیوں کی خود مختاری پر حرف نہیں آنے دیں گے: ڈاکٹر ریاض
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز(فپواسا) پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر محمد ریاض نے پنجاب حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کی خود مختاری پر ضرب لگانے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ناصرف خود مختاری اور آزادی کو دھچکہ لگے گا، بلکہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں انتظامی اور مالی بحران بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے سروسز اور جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے21 مارچ کے اجلاس میں ایجنڈا آئیٹم 5 اور 6 میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تعیناتی کا فارمولا اور یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی تشکیل نو کے ذریعے ساخت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ، جس سے خدشہ ہے کہ سینڈیکیٹ سے اساتذہ نمائندوں کا کردار ختم کر دیا جائے گا، جس سے اساتذہ کمیونٹی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت اس وقت نازک مراحل سے گزر رہی ہے۔
ایسے موقع پر اس قسم کے اقدامات کرنے کی کوشش کرنا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے تنبیہ کی کہ حکومت اس عمل سے باز رہے ہے ورنہ احتجاج کا لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔


















