سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے تمام پبلک اور پرائیویٹ کالجز اور اعلیٰ تعلیمی ادارے 23 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک بند رہیں گے، موسم سرما کی تعطیلات کے بعد تمام کالجز پیر 12 جنوری 2026 کو دوبارہ کھل جائیں گے اور اس دن سے تمام کلاسز معمول کے مطابق شروع ہوں گی۔
تاہم اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بی ایس چار سالہ پروگرامز معمول کے مطابق جاری رہیں گے، جبکہ تمام امتحانات بورڈز اور یونیورسٹیز کے پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے، تعطیلات کا اطلاق امتحانی سرگرمیوں پر نہیں ہوگا۔
ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ فیصلہ سرد موسم کی شدت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ طلبہ و طالبات اور تعلیمی عملے کو سہولت فراہم کی جا سکے۔




















