ویمن یونیورسٹی کی 8 طالبات چینی زبان سیکھنے کےلئے چائنہ جائیں گی

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان اور سینیانگ نارمل یونیورسٹی چین کے درمیان ہونے والے ایم او یو کے تحت ویمن یونیورسٹی کی 8 طالبات سینیانگ نارمل یونیورسٹی میں تین ماہ کے تربیتی کورس کے لئے سلیکٹ ہوگئیں جو آئندہ ماہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں چین روانہ ہوں گی۔
ان طالبات کو رخصت کرنے کےلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں جبکہ مہمانوں میں ڈاکٹر ملیکہ رانی، رجسٹرار،پروفیسر ڈاکٹر عابد علی، شینیانگ نارمل یونیورسٹی، چین ،ڈاکٹر ثمینہ شبیر، فوکل پرسن سکالر شپ پروگرام تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد علی نے کہا کہ شین یانگ نارمل یونیورسٹی ایک جامع یونیورسٹی ہے جو چین کے صوبہ لیاؤننگ کے دارالحکومت شینیانگ میں واقع ہے۔ یہ یونیورسٹی 1951 میں قائم ہوئی تھی اور اس کے بعد سے چین میں اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم ادارہ بن گیا ہے، یونیورسٹی مختلف شعبوں جیسے کہ تعلیم، سائنس، انجینئرنگ، نظم و نسق اور فنون میں انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگرام پیش کرتی ہے، ان طالبات کی چین روانگی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ دونوں ممالک میں ثقافتی رشتے اور مضبوط ہوسکیں۔
وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات انتہائی اچھے ہیں دونوں ممالک نہ صرف معاشی بلکہ اقتصادی، اسلحہ اور توانائی میں ایک دوسرے کا تعاون کرتے رہے ہیں، اب یہ تعلق بڑھ کر ثقافتی اور علمی تعاون میں بدل گیا دونوں ممالک اپنی کلچر کے فروغ کےلئے متحرک ہیں دونوں ملکوں کے درمیان خلوص،محبت اور جذبہ خیر سگالی ہمیشہ کی طرح تر وتازہ ہے اور حالات جیسے بھی ہوں،پاکستان اور چین میں کوئی بھی حکومت برسر اقتدار ہو‘ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان خوشگوار ،دوستانہ اور قریبی تعلقات کبھی متاثر نہیں ہوتے، چین دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک اور ایک بڑا اقتصادی اور ثقافتی پاور ہاؤس ہے۔
اس طرح یہ چینی زبان اور ثقافت سیکھنے کے خواہاں غیر ملکی طلباء کے لیے تیزی سے مقبول مقام بن گیا ہے۔ چین میں چینی زبان سیکھنے کے خواہشمند بین الاقوامی طلباء کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے کے لیے، چینی حکومت خاص طور پر چینی زبان سیکھنے والوں کے لیے اسکالرشپ کے مختلف مواقع فراہم کرتی ہے۔
یہ وظائف ٹیوشن، رہائش اور رہنے کے اخراجات کے لیے مالی مدد فراہم کر سکتے ہیں، جس سے بین الاقوامی طلباء کے لیے چین میں اپنی زبان کی تعلیم حاصل کرنا آسان ہو جاتا ہے، پاکستان کی کئی یونیورسٹیوں میں چینی زبان سیکھنے کے پروگرام دستیاب ہیں، ان پروگراموں میں عام طور پر چینی زبان کی بنیادی باتیں، گرامر، تحریر، اور ثقافت شامل ہوتی ہے۔ کچھ یونیورسٹیوں میں، چینی زبان ایک لازمی کورس کے طور پر بھی پڑھائی جاتی ہے۔
جنوبی پنجاب میں زکریا یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی چینی زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، ہمیں یقین ہے ہماری طالبات چین میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔




















