ویمن یونیورسٹی ملتان کی دو ٹیچرز نے ایک کروڑ 90 لاکھ کی ریسرچ گرانٹ حاصل کرلی

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی کی دو اساتذہ نے ایک اور سنگ میل طے کرلیا۔
شعبہ کیمسٹری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریال آفتاب اور اسسٹنٹ پروفیسر، اپلائیڈ سائیکالوجی ڈاکٹر سعدیہ مشرف نے بالترتیب 80لاکھ 27ہزار اور ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کی ریسرچ گرانٹ حاصل کی۔
ڈاکٹر سعدیہ مشرف کے پراجیکٹ کا عنوان "جیون ساتھی کے جسمانی اور ذہنی تشدد کو کم کرنا اور کچی آبادیوں میں ذہنی صحت اور بہود کو بہتر بنانے کے اقدامات” ہے جبکہ ڈاکٹر فریال آفتاب کے پراجیکٹ کا عنوان "ملتان کے آلودہ پانی کو صاف کرنے کےلئے بائیو ماس سے ماخوذ کاربن ڈاٹس ایمبیڈڈ بائیو پلاسٹک کو ایک ڈوئل موڈ آن سائٹ نینو پلیٹ فارم” ہے۔
اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر کلثوم پراچہ نے کہا کہ دونوں اساتذہ کو نیشنل ریسرچ پروگرام برائے یونیورسٹیز کے تحت انتہائی مسابقتی تحقیقی گرانٹس حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان کےلئے اور یونیورسٹی کےلئے ایک بڑا اعزاز ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ویمن یونیورسٹی میں ہونے والی ریسرچ اعلیٰ کوالٹی کی ہے، مؤثر تحقیقی نتائج اور کمیونٹی فوائد سے جڑی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ویمن یونیورسٹی کی ریسرچ کو اب ملکی اور غیر ملکی سطح پر سراہا جارہا ہے،ریسرچ کا میدان طالبات سے لیکر اساتذہ سب کےلئے کھلا ہے، یونیورسٹی انتظامیہ ان کی ہرممکن مدد کےلئے تیار ہے، ہمیں یقین ہے ہماری اساتذہ اور طالبات ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی جائیں گی۔




















