ویمن یونیورسٹی میں گرینڈ گالا 2025 شروع ہوگیا

ویمن یونیورسٹی ملتان میں طالبات اور ایلومنائی کے لیے سال کا سب سے بڑا اور منتظر ایونٹ "گرینڈ گالا 2025” نہایت تزک و احتشام سے شروع ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق کچہری کیمپس میں منعقدہ دو روزہ گرینڈ گالا کی افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں گالا میں ثقافتی پروگرامز، فوڈ، کپڑے اور کرافٹ اسٹالز، تصویری نمائش، بینکوں اور اداروں کے معلوماتی کیمپس نے شرکاء کی دلچسپی کو دوبالا کر دیا۔
وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرینڈ گالا صرف ایک تفریحی ایونٹ نہیں بلکہ ویمن یونیورسٹی کی اُس روایت کا تسلسل ہے جو تعلیم کے ساتھ شخصیت سازی، خود اعتمادی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے۔ طالبات کی بھرپور شرکت اور نظم و ضبط اس ادارے کی کامیابی کی دلیل ہے۔ ایسی تقریبات طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جہاں علم کے ساتھ ثقافت، وقار اور باہمی ربط کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔یہ گالا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری طالبات نہ صرف نصابی لحاظ سے نمایاں ہیں بلکہ زندگی کے ہر میدان میں قائدانہ صلاحیتوں سے بھی آراستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایلومنائی کی شمولیت اس تقریب کی روح ہے ان کا طالبات کے ساتھ میل جول ایک ایسی روایت کو جنم دیتا ہے جو تحریک، سیکھنے اور رہنمائی کا استعارہ ہے۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف جامعہ کی کمیونٹی کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ اس دیرپا تعلق کی بھی عکاسی کرتی ہیں جو فارغ التحصیل طالبات کو اپنی مادرِ علمی کے ساتھ ہمیشہ جوڑے رکھتا ہے۔
تقریب کی فوکل پرسن/ رجسٹرار ڈائریکٹر کیرئیر کاؤنسلنگ اینڈ ایلومنائی افیئرز) ڈاکٹر ثمینہ اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گرینڈ گالا کا مقصد ماضی اور حال کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہے۔ ایلومنائی اور طالبات کے درمیان یہ میل جول نہ صرف یادوں کو تازہ کرتا ہے بلکہ نئی نسل کو رہنمائی، حوصلہ اور تجربے سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ایلومنائی اپنی کامیابیوں سے موجودہ طالبات کو متاثر کریں تاکہ وہ بھی اپنی شناخت مضبوط بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس گالا میں مختلف ثقافتی پرفارمنسز، فوڈ کورٹ، مشاعرہ، کوالی نائٹ، اور ایلومنائی ڈنر شامل ہیں، جو ویمن یونیورسٹی کے ہمہ جہت اور متحرک تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتے ہیں۔
بعد ازاں حکومتِ پنجاب کے خواتین دوست منصوبے "پنک وین انیشی ایٹو” کا افتتاح کیا گیا، افتتاحی تقریب ویمن یونیورسٹی کے گرینڈ گالا کے دوران منعقد ہوئی، جس کا افتتاح چیف ٹریفک آفیسر ملتان کاشف اسلم اور وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیا، خواتین سکواڈ نے بھی شرکت کی، پنک بس میں طالبات کو لائسنس بنانے اور دیگر دستاویزات بنوانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
پہلے روز کی اختتامی تقریب میں ورائٹی شو، مشاعرہ اور میوزیکل نائٹ اور ایلومنائی عشائیہ کا انعقاد کیا گیا، جس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے مہمانان اعزاز اور فوکل پرسن ڈاکٹر ثمینہ اختر میں شیلڈز تقسیم کی۔ گالا کا دوسرا روز ایلومنائی نیٹ ورکنگ سیشن، اسپورٹس ایونٹس اور خصوصی ڈنر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ویمن یونیورسٹی ملتان کا گرینڈ گالا صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک روایت ہےخواتین کی صلاحیت، اتحاد اور خوشیوں کا جشن ہے۔
گالا کی تقریبات آج بھی جاری رہیں گی۔




















