ویمن یونیورسٹی کے صدر دروازے پر نصب گلوب کا افتتاح

ویمن یونیورسٹی ملتان کے مرکزی گیٹ کی دیوار کی اپ گریڈیشن اور اس کے سامنے نصب کیے گئے خوبصورت اسٹیل گلوب اسٹرکچر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کی تزین و آرائش اور دیوار کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا، یہ منصوبہ وائس چانسلر کی طرف سے عطیہ کردہ رقم، مختلف اداروں کی طرف سے فنڈنگ کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔
منصوبے کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کیا، اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہوار ، فیکلٹی اور اسٹاف ممبران موجود تھے۔۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا مرکزی دروازہ اس کی شناخت، وقار اور تشخص کی علامت ہوتا ہے، ویمن یونیورسٹی ملتان کے مرکزی گیٹ کی اپ گریڈیشن اور اسٹیل گلوب اسٹرکچر کی تنصیب کا مقصد نہ صرف یونیورسٹی کے داخلی حسن کو بہتر بنانا ہے بلکہ ادارے کو ایک جدید، باوقار اور متاثر کن تعلیمی تشخص فراہم کرنا بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت اور خوبصورت ماحول طلبہ کی ذہنی نشوونما اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس لیے یونیورسٹی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ کیمپس کے انفراسٹرکچر اور خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی مرکزی گیٹ کی اپ گریڈیشن اور اسٹیل گلوب اسٹرکچر کی تنصیب کے لئے ذاتی کاوش کی تاکہ یونیورسٹی کے داخلی حصے کو مزید پرکشش اور جدید طرز کے مطابق بنایا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کی ترقی اور بہتری میں تمام ملازمین کا کردار انتہائی اہم ہے ویمن یونیورسٹی ملتان کی ترقی دراصل اس کے اساتذہ اور عملے کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ وابستگی کا نتیجہ ہے، یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کے فروغ کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بہتری، کیمپس کی خوبصورتی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ طالبات کو ایک بہترین، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

















