گرین میٹرک ورلڈ رینکنگ میں ویمن یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی

ویمن یونیورسٹی ملتان کی گرین میٹرک ورلڈ ریکنکنگ میں شاندار کارکردگی، ایک سال میں 105پوائنٹس ترقی کرتے ہوئے 29ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان نے گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2025 میں نمایاں ترقی حاصل کرتے ہوئے پائیداری، ماحولیاتی ذمہ داری اور عالمی تعلیمی معیار کے فروغ کے لیے اپنی کاوشوں کو منوالیا ہے۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، ویمن یونیورسٹی ملتان نے اپنی عالمی درجہ بندی میں 718 ویں پوزیشن (2024) سے شاندار بہتری لاتے ہوئے 2025 میں 613 ویں نمبر پر جگہ بنا لی، یوں صرف ایک سال کے اندر 105 درجے کی غیر معمولی پیش رفت حاصل کی۔
اسی طرح قومی سطح پر بھی یونیورسٹی نے ترقی کی نئی منزلیں طے کیں اورپاکستان میں 32 ویں سے بڑھ کر 29 ویں نمبر پر آگئی۔خواتین کی یونیورسٹیوں میں ویمن یونیورسٹی ملتان نے عالمی سطح پرچوتھی اور پاکستان بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی جو اس کی کاوشوں اور معیارِ تعلیم و ماحولیات کے لیے مسلسل جدوجہد کا واضح ثبوت ہے۔
اس سلسلے میں وائس چانسلر ڈاکٹرکلثوم پراچہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں اس امر کی عکاس ہیں کہ یونیورسٹی نے کیمپس میں ماحول دوست اقدامات، جدید انفراسٹرکچر، توانائی کے مؤثر استعمال، فضلے اور پانی کے بہتر انتظام، پائیدار ٹرانسپورٹیشن، اور ماحولیات پر مبنی تحقیق و تدریس کو بھرپور فروغ دیا ہے۔
گرین میٹرک رینکنگ اداروں کا جائزہ چھ اہم شعبوں سیٹنگ اینڈ انفراسٹرکچر، انرجی اینڈ کلائمیٹ چینج، ویسٹ، واٹر، ٹرانسپورٹیشن، اور ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کی بنیاد پر لیتی ہے۔
ان تمام شعبوں میں ویمن یونیورسٹی ملتان کی مسلسل بہتری اس کے ویژن اور عالمی پائیداری کے اہداف کے حصول کے عزم کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے، اس کامیابی کو ممکن بنانے میں انتظامیہ، فیکلٹی، اسٹاف اور طلبہ کی مشترکہ محنت شامل ہے۔
مستقبل میں بھی ماحول دوست پالیسیوں اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کو مزید مضبوطی سے آگے بڑھاتی رہے گی۔




















