ویمن یونیورسٹی کی طالبات کا ”پروفیسر خلیل صدیقی ریسرچ اینڈ سیمینار لائبریری“ کا دورہ

دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ اردو کی پی ایچ ڈی کی طالبات نے زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبۂ اردو میں قائم ”پروفیسر خلیل صدیقی ریسرچ اینڈ سیمینار لائبریری“ کا علمی و تحقیقی دورہ کیا۔
اس موقع پر طالبات نے لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں موجود نادر و مستند کتب سے استفادہ کیا، اساتذۂ کرام نے طالبات کو تحقیق کے جدید تقاضوں، حوالہ جاتی اسلوب اور علمی دیانت کے اصولوں پر مفصل بریفنگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ یہ کتب خانہ درحقیقت شعبۂ اردو کی علمی شناخت کا روشن حوالہ ہے جو نئی نسل کے اسکالرز کو تحقیق، تنقید اور تخلیق کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔
لائبریری میں ”اپنی مدد آپ“ کے تحت جمع کی گئی کتب، رسائل و جرائد، تحقیقی مجلات اور مقالات کی تعداد لگ بھگ تیس ہزار کے قریب ہے، جو کسی بھی تحقیقی ادارے کے لیے ایک گراں قدر اثاثہ ہے۔ یہ وقیع ذخیرہ تحقیق کے اعلیٰ معیارات کو تقویت دیتا اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دیتا ہے۔
صدرِ شعبۂ اردو دی ویمن یونیورسٹی ملتان شعبۂ اردو ڈاکٹر عذرا لیاقت کی جانب سے طالبات کو اس علمی و تحقیقی دورے کی ترغیب دینا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فرزانہ نے کہا کہ بین الجامعتی علمی روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں اور اس نوعیت کے مطالعاتی دورے طالبات کی تحقیقی بصیرت میں اضافہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تحقیقی مراکز کا مشاہدہ اسکالرز کو نہ صرف علمی اعتماد فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں سنجیدہ اور بامقصد تحقیق کی جانب راغب بھی کرتا ہے۔
طالبات نے اس دورے کو اپنے تحقیقی سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عملی طور پر تحقیقی وسائل اور مواد سے آگاہی حاصل کرنے کا قیمتی موقع ملا ہے، جس سے ان کے تحقیقی موضوعات میں مزید گہرائی اور وسعت پیدا ہوگی۔




















