ویمن یونیورسٹی کی طالبہ کا اعزاز

ویمن یونیورسٹی کی طالبہ نے ملتان ڈویژن کی نمائندگی کرتے ہوئے باکسنگ میں گولڈمیڈل حاصل کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی کی طالبہ طیبہ منصب نے کھیلتا پنجاب سی ایم پنجاب پنک گیمز 2026 میں باکسنگ کے 75 کلوگرام مقابلوں میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
طیبہ منصب نےپہلے ڈویژن کی سطح پر ٹیم میں سلیکشن کا اعزاز حاصل کیا، بعد ازاں انہوں نے لاہور میں ہونےوالی گیمز میں ملتان اور ویمن یونیورسٹی کا نام روشن کیا اور چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس نمایاں کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے نے طیبہ منصب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جامعہ میں طالبات میں قوت، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کو فروغ دیا جا رہا ہے یونیورسٹی نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ کھیلوں کے شعبے میں بھی طالبات کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی، طیبہ منصب آئندہ مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کامیابیاں سمیٹتی رہیں گی۔
رجسٹرار ڈاکٹر دیبا شہوار نے بھی انہیں جامعہ آمد پر خوش آمدید کہا اور گولڈ میڈل جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس کامیابی کو جامعہ اور ملتان ڈویژن کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ طیبہ منصب نے اپنی محنت، لگن اور عزم سے دیگر طالبات کے لیے ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔
ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر رائمہ نذر نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کی کھیلوں کے میدان میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کا مظہر قرار دیا اورکہا ہے کہ یہ کامیابی ویمن یونیورسٹی ملتان کی طالبات کے لیے ایک روشن مثال اور باعثِ تحریک ہے۔


















