مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کیخلاف کریک ڈاؤن

ڈپٹی کمشنر ملتان محمد طاہر وٹو کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز غیر قانونی مذبح خانوں اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی سربراہی میں منظور آباد،کوٹلہ تولے خاں اور اندرون شہر ایکشن لیتے ہوئے بغیر سٹمپ اور بیمار گوشت فروخت کرنے والے 5 قصاب گرفتار کرلئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر بیمار گوشت برآمد ہونے پر ملزم گرفتار کراکے حوالات بھیج دیے۔
کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی ہمراہ تھے۔
بعد ازاں ناقص گوشت کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے اچانک سلاٹر ہاؤس کی بھی انسپکشن کی اس موقع پر ذبح کئے گئے جانوروں کے گوشت کی سکریننگ نہ ہونے پر محکمہ لائیو سٹاک اور ٹھیکدار کی شدید سرزنش کی، اور وارننگ بھی ایشو کی۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کا کہنا تھا کہ شہریوں کو مضر صحت گوشت کھلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ضلعی انتظامیہ کسی جگہ غیر قانونی سلاٹرنگ نہیں ہونے دے گی۔
طاہر وٹو کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں گوشت کی چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔


















