سیلاب سے متاثر سکولوں میں تعمیراتی کام کےلئے سروے کرانے کا فیصلہ
پنجاب ایجوکیشن انیشٹومینجمنٹ اتھارٹی نے ضلع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب اور شدید بارشوں سے متاثرہ 911 سکولوں میں تعلیم کی بحالی کے لیے سروے کرانے کافیصلہ کیا ہے ۔
جاری شیڈول کے مطابق یکم نومبر سے 11نومبرتک ان سکولوں کا معائنہ کیا جائے گا، اور رپورٹ مرتب کی جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ سکولوں کی بحالی کا پلان مرتب کرنے کے لیے خصوصی سیل ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں کام کر رہا ہے۔
سیلاب سے ضلع ڈیرہ غازی خان کے 46 سکولوں کو مکمل اور 325 سکولوں کو جزوی نقصان پہنچا ، جب کہ ضلع راجن پور میں 12 سکول مکمل اور 528 سکول جزوی تباہ حالی کا شکار ہوئے۔
اس وقت ضلع ڈیرہ غازی خان کے 13 اور راجن پور کے 4 سکول اپنی عمارتوں میں نہیں ہیں۔
یونیسیف کی معاونت سے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے 20 سکولوں میں خیموں کے کلاس رومز بنا کر تعلیمی سلسلہ بحال کیا ہے۔
جبکہ 42 کے قریب ایسے سکول ہیں جن میں عارضی لرننگ سنٹر کا اہتمام کیا گیا۔