ویمن یونیورسٹی میں دیہی خواتین کا عالمی دن منایا گیا

دی ویمن یونیورسٹی میں شعبہ سوشیالوجی کے زیر اہتمام دیہی خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔
اس سلسلے میں خصوصی واک کا انعقاد کیا گیاش جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی، واک میں رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان ، ڈاکٹر صدف محمود (چیئرپرسن شعبہ سوشیالوجی ) ، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔
واک سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دیہی خواتین کی طرز زندگی اور ضروریات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، اور دیہی ترقی کے تمام پہلوؤں میں ان کو با اختیار بنانے، اور ان کی شمولیت کو تسلیم کرنا ہے۔
اس لیے یہ دن دنیا کے ترقی پذیر اور زرعی ممالک کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے، اور پاکستان میں دیہی آبادی کاشتکاری کے پیشے سے منسلک ہے۔ دیہاتوں میں خواتین کی آبادی بھی دیہی معیشت سے نمایاں طور پر جڑی ہوئی ہے۔ یہ دن پاکستانی معاشرے اور ریاست سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دیہی معیشت میں ان خواتین کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کرے۔
رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ ہمارا معاشرہ خواتین کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو آگے آنا چاہیے اور قومی اور سماجی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر طالبات نے اس دن کے حوالے سے دیہی ملبوسات زیب تن کئے، جن کو شرکاء نے سراہا۔




















