انٹرمیڈیٹ کا دوسرا سالانہ امتحان آج سے شروع؛ ضلعی انتظامیہ بھی متحرک، متبادل عملہ کی تعیناتی بھی شیڈول
پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ کا دوسرا سالانہ امتحان آج سے شروع ہو رہا ہے، اساتذہ کے احتجاج کے باعث امتحان کے بائیکاٹ کا خدشہ تھا، جس پر ملتان بورڈ سمیت صوبے کے دیگر بورڈز نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ملتان بورڈ کے سیکرٹری خرم شہزاد قریشی کے مطابق دوسرے سالانہ امتحان میں امیدواروں کی تعداد کافی کم ہے، اس لئے صرف 26سنٹر بنائے گئے ہیں، جن اساتذہ کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی، ان کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ہے، تاہم کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیاریاں مکمل ہیں۔
بورڈ عملے پر مشتمل متبادل ٹیم تیار کرلی گئی ہے، جو بائیکاٹ کی صورت میں فوری طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی متحرک ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت انٹرمیڈیٹ کے سیکنڈ سالانہ امتحانات بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
کمشنر عامر خٹک نے ڈویژن کے 26 امتحانی مراکز کو فول پروف سیکورٹی دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تعلیمی بورڈ عملہ اور ضلعی انتظامیہ انتظامات کریں۔
ملتان بورڈ ریزرو سٹاف موجود رکھیں، ڈسپلن پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کیخلاف محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانی نظام کو شفاف بنانے میں مثالی اقدامات اٹھائے جائیں۔امتحانی مراکز پر جنریٹر، پینے کے صاف پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔اسسٹنٹ کمشنرز،بورڈ افسران تمام سنٹروں کا دورہ کریں۔
کمشنر عامر خٹک کو ملتان بورڈ کے افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر، ایڈیشنل کمشنر عبدالجبار، ایس پی کینٹ قاضی علی رضا،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر ساجد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو و دیگر افسران موجود تھے۔