علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے : غلام حسین کھوسہ
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے، اور عالمی رینکنگ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا بھر میں 25 ویں نمبر پر ہے۔
دنیا میں تین طریقوں فارمل سسٹم، فاصلاتی نظام اور ورچوئل نظام کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تینوں طریقوں سے تعلیم فراہم کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملتان کیمپس کے ریجنل ڈائریکٹر ملتان غلام حسین کھوسہ نے گفتگو کےدوران کیا۔
انھوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 1974ء میں وفاقی قانون کے تحت قائم ہوئی۔ اسوقت اس کا نام پیپلز اوپن یونیورسٹی رکھا گیا، اور اس کے پہلے کیمپس کے قیام کا شرف بھی ملتان کوحاصل ہے۔
1977ء میں پیپلز یونیورسٹی کانام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رکھ دیاگیا۔ یونیورسٹی کے قیام کو 50 سال ہوچکےہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ 2014ء میں ریجنل ڈائریکٹر ملتان کیمپس تعینات کر دیا گیا۔ 2018ء میں ان کے پاس جھنگ کیمپس کا ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسوقت پورے ملک میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے 52 کیمپس طلباءو طالبات کو تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بیرون ملک بھی طلباءو طالبات کو تعلیمی سہولیات فراہم کررہی ہے۔
بیرون ملک طلباء کو ڈیل کرنے کےلئے اسلام آباد ہیڈ آفس میں ایک علیحدہ سے مکمل دفتر قائم ہے۔جو کہ بیرون ملک طلباء کو تعلیم کے زیور سے روشناس کروا رہا ہے، جو بچے بچیاں دور دراز علاقوں میں ہیں ان کو گھر کی دہلیز پر تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی انٹرنیشنل معیار کے مطابق ماسٹر ڈگری کے حصول کےلئے 20 مضامین پڑھاتی ہے تاکہ بیرون ملک جاکر ان کے تعلیمی معیار کے مطابق ان کو مزید مضامین نہ پڑھنے پڑیں۔
غلام حسین کھوسہ نے کہا اس وقت تمام کلاسز میں داخلے جاری ہیں جو کہ 15 اپریل 2024ء تک جاری رہیں گے۔