ویمن یونیورسٹی ملتان کی 5 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں دینے کی سفارش
دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی 5 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں دینے کی سفارش کردی گئی۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں گزشتہ روز پی ایچ ڈی کے 5 مجلسی دفاع ہوئے۔
شعبہ اسلامیات کی پی ایچ ڈی سکالر مس ناجیہ جمیل کا کامیاب مجلسی دفاع (اوپن ڈیفنس) منعقد ہوا، ان کے مقالہ کا موضوع ” امام بخاری کا منہج تفسیر: شرحین فتح الباری اور عمدہ القاری کے تفسیری مباحث کا تجزیاتی مطالعہ” تھا، ان کی سپر وائزر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، چیئر پرسن شعبہ علوم اسلامیہ دی ویمن یونیورسٹی ملتان اور سیکنڈ سپر وائزر پروفیسر ڈاکٹر اکرم رانا، ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز منہاج یونیورسٹی لاہور تھے، ان کے ایکسٹرنل ایگزامنیر پروفیسر ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی، چیئر میں ڈیپارٹمنٹ آف سیرت سٹڈیز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تھے، ممتحن کے سوالات کا تشفی بخش جواب دیئے، جس کے بعد انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری کا اہل قرار دیا گیا۔
علاوہ ازیں شعبہ کیمسٹری کی چار سکالرز کا مجلسی دفا ع ہوا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
اس موقع پر سکالرز عائشہ احمد سمرا کے مقالے کا عنوان "قدرتی کینسر کے علاج کے طور پر مصنوعی قدرتی مصنوعات پر مبنی نینو فارمولیشنز کی تشخیص” تھا، انہوں نے کہا کہ قدرتی اجزاء پر مشتمل سادہ خوراک کا استعمال کینسر سے بچنے کا ایک اہم راستہ ہے، لوگوں کو کیمیکل زدہ مصنوعی کھانوں سے پرہیز کر کے کینسر کا راستہ روکنا ہو گا، پاکستان میں 14 سے 49 سال کے افراد میں کینسر تیزی سے پھیلتا ہے، 2050 تک کینسر کے مریضوں میں 77 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم اب یہ ناقابل علاج مرض نہیں، پاکستان میں کینسر کی بیماری کی تشخیص کے بعد باقاعدہ مستند معالجین کے علاج سے شفاء پانے والے مریضوں کی شرح میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
زرقا نواز کے مقالے کا عنوان "اینٹی پائرین کے دھاتی کمپلیکس: سنتھیسس سپیکٹرل خصوصیات اور حیاتیاتی استعمال” تھا۔
انہوں دھاتوں کے استعمال بارے اپنے مقالے کے سوالوں کے جواب دیئے، عروج فاطمہ کے مقالے کا عنوان Aryl-3,4,5- Trisubstitued Pyrazol Derivatives کی ترکیب، خصوصیات اور کیڑے مار سرگرمی”تھا، انہوں نے مرکبات کی تقسیم اور ملاپ کے بارے میں مطالعے بارے انہوں نے شرکاء کو آگاہی دی۔
سکالر معراج فاطمہ کے مقالے کا عنوان حیاتیاتی طور پر فعال پیرامیڈین مشتقات کی ترکیب اور خصوصیات” تھا، انہوں نے شرکاء کو امینو ایسڈ پروٹین کے بنیادی تعمیراتی بلاکس کے بارے میں بتایا، سوالوں کے جوابات کے بعد سکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی سفارش کی گئی۔