زکریا یونیورسٹی کے استاد کی ’’استادی‘‘ پکڑی گئی، نوکری سے فارغ
زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ سے کروڑ کا فراڈ کرنے والے اے ایس اے کے سابق سیکرٹری کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش ، واجبات سے متاثرین کو رقم کی ادائیگی کی جائے گی۔
زکریا یونیورسٹی کے ایک اور فراڈ کیس کا فیصلہ منظر عام پر آگیا
ذرائع کے مطابق اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اور سول انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر یاسر انور کے خلاف 25ںنومبر 2021 کو انکوائری شروع ہوئی، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے متعدد فیکلٹی ممبران سے کاروبار کے نام پر کروڑوں روپے وصول کئے، اور پھر واپس دینے سے انکاری ہوگئے۔
اے ایس اے کے سیکرٹری ہونے کی وجہ سے اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھایا، انکوائری کمیٹی نے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی مکمل کی، جس میں ثابت ہوگیا کہ انہوں نے کروڑوں روپے وصول کئے ۔
انکوائری کمیٹی نے سفارش کی کہ ان کو فوری طور پر نوکری سے برخاست کردیا جائے، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے ، متاثرین کو ان کے واجبات سے ادائیگی کی جائے ، باقی بقایا جات کےلئے قانونی تقاضے پورے کرکے وصول کئے جائیں۔
یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔