ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں دو کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر مکمل
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں دوسرے ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جس کی افتتاحی تقریب متی تل کیمپس میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
افتتاحی تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ نے بتایا کہ ہائرایجوکیشن اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے پراجیکٹ ’’بلڈنگ ویمن یونیورسٹی ‘‘کے تحت اس ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر کی گئی ہے، اس پراجیکٹ میں دو ڈے کیئر سنٹر قائم کئے گئے اور کچہری ڈے کیئر سنٹر مکمل ہو چکا ہے جن پر 5 کروڑ 40لاکھ روپے لاگت آئی، ایک سنٹر پر دو کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئی، ڈے کیئر سنٹر کی بلڈنگ 7ہزار سکوائر فٹ پر تعمیر کی گئی ہے جس میں تین بڑے ہال بنائے گئے جن کے ساتھ تین کچن ، تین ٹوائلٹ بلاکس تعمیر کئےگئے ہیں جبکہ ڈے کیئر میں بچوں کے لئے سافٹ ٹوائز کا بھی بندوبست کیاگیا ہے۔ اس سنٹر کی تعمیر سے یونیورسٹی کی اساتذہ اور ملازمین کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ڈے کیئر جیسی سہولت مہیا کرنے کا مقصد ورکنگ ویمن کو ڈیوٹی کے فرائض دل جمعی سے سرانجام دینے کا موقع فراہم کرنا ہے، سنٹرسے خواتین اساتذہ اور ملازمین کو بچوں کی دیکھ بھال میں سہولت ملے گی ۔متی تل کیمپس میں ڈے کیئر سینٹر کی تعمیر خواتین ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پایہ تکمیل تک پہنچا، انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون کے ساتھ مستقبل میں بھی خواتین ملازمین کے لیے بہترین اقدامات کیے جاتے رہیں گے
انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ کی ڈے کیئر منصوبے میں دلچسپی کو سراہا جس سے منصوبے کی فوری تکمیل میں مدد ملی، انہوں نے کہا کہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے، لہذا ڈے کیئر سینٹر کو بھی ملازمین کی تجویز کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جائے گا اس پراجیکٹ کی تعمیراتی کام منظور اینڈ کمپنی نے مکمل کیا ہے۔
اس موقع پر انجینئر محمد عدنان، پراجیکٹ منیجر شوکت سردار ، ڈاکٹر ملکہ رانی، ڈاکٹر حنا علی، ڈاکٹر خدیجہ کنول، ڈاکٹر شازیہ اور دیگر شعبوں کی چیئرپرسنز اور سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔