فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے وفد کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ
فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے وفد نے میڈم تانیہ کے زیر قیادت ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایف سی ڈی او وفد کے اراکین سہیل احمد، میڈم سائرہ، میڈم زینب اور سیکشن آفیسر/فوکل پرسن ٹرانس ایجوکیشن حنا چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں موسمی تبدیلی اور ماحولیات کے تناظر میں یونی سیف کی معاونت سے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس، میاواکی جنگل، محنت کش بچوں کے لیے قائم صبح نو اسکول، خواجہ سراؤں کی تعلیم اور فنی تربیت کے لیے قائم ٹرانس جینڈر اسکول، ای سی ای اور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جنوبی پنجاب میں دیرپا تعلیمی ترقی کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے درمیان طویل مدتی تعلقات قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں ایف سی ڈی او کے وفد نے گورنمنٹ کمپری ہنسیو گرلز ہائیر سکینڈری اسکول گلگشت میں پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر اسکول کا دورہ کر کے ٹرانس جینڈر طلبہ سے ملاقات کی اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔
میڈم تانیہ نے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی میں تعلیم کی اہمیت و ضرورت واضح کرنے کے حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشیں دور رس نتائج کی حامل ہیں۔
وفد نے ٹرانس جینڈر طلبہ کو فنی تربیت پر خصوصی اقدامات اٹھانے پر محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی تعریف کی۔