قومی نصاب کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت : سیکرٹری ایجوکیشن
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی شعبے میں تفریق ختم کرنے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنےکے لیے قومی نصاب کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قومی نصاب کے تحت ٹریننگ حاصل کرنے والے اساتذہ اپنی قابلیت سے نیشنل کریکولم کونسل کے پالیسی ڈائیلاگ میں جنوبی پنجاب کا نام روشن کریں گے۔
یہ بات انہوں نے قائد اعظم اکیڈمی آف ایجوکیشن ڈویلپمنٹ (قائد) بوسن روڈ ملتان میں قومی نصاب کے حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ ورکشاپ کے معائنے کے دوران اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال، پرنسپل قائد بوسن روڈ ڈاکٹر سمیرا خان اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن قیصر سلیم نے اسکیم آف اسٹڈیز میں جامع تعلیم، کیریئر کونسلنگ اور ماحولیاتی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیق پر توجہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی نصاب کے حوالے سے اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی آراء لینے کے لیے وفاقی وزارت تعلیم نے پالیسی ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع کیا ہے ، جس کے تحت پرائیویٹ سیکٹر، اساتذہ اور والدین کے ساتھ کریکولم لینگوئج پالیسی، معیار اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر سیشنز رکھے جائیں گے۔
قیصر سلیم نے کہا کہ قومی نصاب کور اسٹینڈرڈ ہے، اس میں کردار سازی، تنقیدی اور تخلیقی سوچ فروغ دینے کے وہ تمام تصورات ہیں جو پاکستان کے ہر بچے کو سیکھنے چاہئیں۔