پنجاب ٹیچرز یونین کا بڑا اجلاس
پنجاب ٹیچرز یونین(رجسٹرڈ) پنجاب کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس دختران اسلام حرا کالج، مری میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت حافظ غلام محی الدین صدر مرکزیہ نے کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا، جس کی سعادت صدر مرکزیہ نے حاصل کی۔
ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز نے اپنی اپنی تجاویز پیش کی جن کی روشنی میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پنجاب ٹیچرز الائنس، پنجاب کے زیر اہتمام احتجاجی تحریک کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تعطیلات موسم گرما کے بعد احتجاج کو اضلاع کی سطح پر موثر بنانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا، مرکزی سطح پر نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا مجلس عاملہ نے مرکزی عہدیداران کے ناموں کی توثیق کر دی، جس کے مطابق محمد خالد چوہدری نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب ،احسان خالق لغاری نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب ،محمد اصغر کاہلوں نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب، احمد شیر خان نیازی جوائنٹ سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب اور میاں طیب احمد بودلہ مرکزی سیکرٹری جنرل پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب صدر مرکزیہ حافظ غلام محی الدین نے نو منتخب عہدیداران سے حلف وفاداری لیا گیا۔
حافظ غلام محی الدین صدر مرکزیہ پنجاب ٹیچرز یونین (رجسٹرڈ) پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی اداروں کا تحفظ کیا جائے گا اور نجکاری کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
اساتذہ کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی، ان کے مسائل حل کرانے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے پنجاب ٹیچرز یونین (رجسٹرڈ) پنجاب کے تمام ضلعی عہدیداران، کارکنان اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب نے ہمیشہ اساتذہ کے مجموعی مفاد اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی یہ جاری رہے گی۔ اساتذہ عملی طور پر شامل ہو کر اس تحریک کو کامیاب بنائیں۔