پنجاب ٹیچرز ایسوسی ایشن کا بڑا اجلاس
پنجاب ٹیچرز یونین(پی ٹی یو ) کے سینئر نائب صدر پنجاب چوہدری مسعود گجر،ضلعی صدر رانا اسلم ساغر،کمیٹی کنوینئر رانا اسلم انجم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پنجاب تعلیم کش پالیسیاں اختیار کرنے کی بجائے تعلیم دوست رویہ اپنائے اور اساتذہ کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہ کریں، 19 ستمبر کو گرینڈ ٹیچرز الائنس کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی میں اسازہ بھرپور شرکت کریں گے، اگر اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو گرینڈ ٹیچرز الائنس سول سوسائٹی، وکلاء ، ڈاکٹرز،تاجر،مزدور کسان یوتھ طلبہ سے رابطے کرے گی اور ملتان سمیت صوبہ بھر میں جگہ جگہ احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے اور پنجاب اسمبلی تک لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ ٹیچرز الائنس ضلع ملتان کے زیر اہتمام 19 ستمبر کو احتجاجی ریلی کے انتظامات کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں سرکاری تعلیمی اداروں کی مجوزہ نجکاری،لیو انکیشمنٹ پنشن اصلاحات کے نئے قوانین اور پرموشن سمیت دیگر مطالبات کے حوالے سے امور زیر بحث آئے اور گورنمنٹ مسلم ہائی سکول سے کلمہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت پی ٹی یو کے ضلعی صدر رانا اسلم ساغر نے کی جبکہ اجلاس میں رانا اسلم انجم سرپرست اعلی ایس ای ایس و کنوینیر ،راؤ شاہ محمد ہیڈماسٹرز ایسوسی ایشن ، راؤ ذوالفقاراحمد صدر SES، عابد حسین صدر ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ،پروفیسر عنایت علی قریشی ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ سائنٹسٹ ،راجہ کوثر سعیدی پنشنرز موومنٹ ،محمد فیاض وٹو صدر SST ایسوسی ایشن ،محمد یونس لودھی،ناصر محمود بخاری MC ٹیچرز یونین ،راؤ محمد اجمل،رانا اظہر محمود صدر MC ٹیچرز یونین ،مشتاق حسین،محمد حسین،عبدالرؤف ودیگر نے شرکت کی۔
چوہدری مسعود احمد گجر نے مزید کہا کہ اساتذہ کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ہم کسی صورت تعلیم کش پالیسیاں قبول نہیں کریں گے، اسی لیے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں، تعلیم دوست پالیسیاں اختیار کی جائیں تعلیم دوست پالیسی کے حوالے سے ملتان سمیت صوبہ بھر کے اساتذہ متحد ہیں۔