نوجوان ملک کا مستقبل ہیں : سیکرٹری ایچ ای ڈی جنوبی پنجاب
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بہاول نگر کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کالج میں جاری تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور نو تعمیر شدہ بی ایس بلاک کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز بہاول پور ڈویژن پروفیسر ابراہیم بھٹی اور پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر یونس علی سدھو نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو کالج میں دیوار افتخار کی تعمیر، گروپ ڈسکشن، فروغ ادب اور دیگر نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے ہدایت کی کہ کالج کے نو تعمیر شدہ بی ایس بلاک میں کلاسز کے اجراء کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سمر سکل کیمپ 2023ء کے تحت طلبہ کو ٹیوٹا کے ادارہ جات میں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق فنی تعلیم کے کورسز کروائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کورسز میں طلبہ کی بھرپور انداز میں شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ آنے والے دنوں میں انہیں بہتر روزگار حاصل ہو۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ کالج میں صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔