اساتذہ و سرکاری ملازمین کے مالی مفادات پر شب خون ماراگیا : سینئر سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب
حکومت پنجاب کی طرف سے سرکاری ملازمین کو ملنے والی مالی مراعات میں کمی کا فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے، اساتذہ و سرکاری ملازمین کے مالی مفادات پر شب خون مارنے کا حکومتی اقدام نا قابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔
سابقہ مراعات کے خاتمے کو مسترد کرتے ہیں : یونس لودھی
ان خیالات کا اظہار پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدرحافظ غلام محی الدین صدر ،حافظ عبد الناصر سرپرست اعلی پنجاب گورنمنٹ سکولزسینئر سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب، میاں طیب احمد بودلہ، سید قیصر عباس بخاری احسان محمود گوندل ،میاں محمد شفیق کمبوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لیو انکیشمنٹ کو صوابدیدی اختیار پر جاری بنیادی تنخواہ پر چھوڑنے اور اس کو جاری ابتدائی سکیل کی کم از کم تنخواہ پر کرنے، بیوگان کی لیو انکیشمنٹ ختم کرنے اور ریٹائرمنٹ پر ملنے والی مالی مراعات کو سکیلوں کی کم از کم ابتدائی تنخواہ پر کرنے سمیت جاری کردہ نوٹیفکیشن کو ملازمین کے معاشی قتل کے مترادف قراردیا۔
انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ اس نوٹیفیکیشن کو فوری واپس لیا جائے، بصورت دیگر پنجاب بھر سے اساتذہ وزیراعلی پنجاب کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور دھرنا دیں گے۔
پنجاب ٹیچرز یونین کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ اساتذہ کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور انشاءاللہ مستقبل میں بھی اساتذہ کے حقوق اور مالی مفادات پر کسی کو بھی شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔