تعلیمی اداروں میں شجرکاری مہم جلد مکمل کرنے کی ہدایت
سیکریٹری جنگلات ساوتھ پنجاب سرفراز مگسی کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری ساؤتھ پنجاب فہد حیدر بزدار کی زیر صدارات تعلیمی اداروں میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن) علی عاطف، سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد اور ڈی پی آئی سیکنڈری ایجوکیشن اعزاز احمد خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں شجرکاری کے فروغ اور بالخصوص موسمی شجرکاری کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے۔اجلاس میں محکمانہ فوکل پرسن مقرر کئے گئےجوکہ شجرکاری مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کےلیے ہرممکن اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ شجرکاری کے فروغ سے وزیراعظم پاکستان کے وژن "کلین اینڈ گرین پاکستان ” کو پایہ تکمیل پر پہنچایا جاسکتا۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ شجرکاری مہم کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ محکمہ جنگلات پودوں کی فراہمی اور کاشت سے متعلق ہمہ قسمی تعاون کرے گا۔
سی ای او ایجوکیشن نے بچوں میں پودوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا بھی اعادہ کیا تاکہ سرسبز پاکستان کی ترویج ہو۔