پنجاب سپورٹس بورڈ کا جشن آزادی شاندار انداز میں منانے کےلئے ایونٹس کا اعلان
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جشن آزادی کو شاندار طریقے سے منانے کیلئے سپورٹس ایونٹس کرانے کا اعلان کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی سپورٹس ایونٹس 2 اگست سے 30 اگست تک ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا جشن آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں، جشن آزادی ایونٹس سے کھلاڑیوں میں قومی جذبہ پیدا ہوگا، 75ویں جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سپورٹس کے 20 ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 2روزہ انٹر ڈویژن آچری(مردوخواتین) کے مقابلے کرائیں گے، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، والی بال، بیڈمنٹن اور سنوکر کے مقابلے ہوں گے، لان ٹینس، سوئمنگ، اتھلیٹکس کے ایونٹس بھی ہوں گے،سپیشل افراد اور خواجہ سراؤں کے اتھلیٹکس کے مقابلے بھی کرائیں گے،فٹ بال، سائیکلنگ، ہاکی (مردوخواتین)، کرکٹ میچ، پینٹاتھلون، کک باکسنگ بھی ہوگی،ویٹ لفٹنگ(مرد)، پاور لفٹنگ (خواتین) کے ایونٹس بھی کرائیں گے۔
ایونٹس میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے، جشن آزادی سپورٹس ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔عدنان ارشد اولکھ کا کہنا تھا کہ پہلا وومن نیشنل آزادی ہاکی کپ2021 ء میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آرمی، پاکستان ریلوے، واپڈا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خواتیں ٹیمیں حصہ لیں گی۔