پیف پارٹنرز کو نئے تعلیمی سال 22-2021 میں نئے داخلوں کی اجازت مل گئی
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسد نعیم کی زیر صدارت 19ویں پروگریس ری ویو میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ میں ڈپٹی ایم ڈی (سپور ٹ سروسز) سید ساجد ترمذی، ڈپٹی ایم ڈی (آپریشنز) شاہد اسماعیل مرزا، پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسرا ن نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ایم ڈی پیف نے فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول، ایجوکیشن وؤچر سکیم اور نیو سکول پروگرام سے منسلک پارٹنر سکولوں کو نئے تعلیمی سال 2021-22کے لیے نئے بچے داخل کرنے کے احکاما ت جاری کر دیے۔
پیف سکولوں میں پرائمری لیول (نرسری تا پنجم) تک 1لاکھ 25ہزار مزید نئے بچے داخل کیے جائیں گے۔ نئے داخلوں کا دورانیہ31جولائی تا 10اگست2021ہو گا۔ پیف پارٹنرز کو صرف انہی بچوں کو داخل کرنے کی اجازت ہو گی جن کے ب فارم موجود ہونگے، کیونکہ پیف پارٹنرز کی پیمنٹس بچوں کے ب فارم سے مشروط ہیں۔ پیف پارٹنرز کی سہولت کے لیے ایم ڈی پیف کی ہدایت پر نئی داخلہ پالیسی برائے تعلیمی سال 2021-22کے حوالے سے سرکلرپیف کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
ایم ڈی پیف نے کہا کہ حکومت پنجاب کو پیف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تجویز کردہ بجٹ 24 ارب 33 کروڑ روپے کی فراہمی کی درخواست کی گئی تھی، جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے 19 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیف انتظامیہ حکومت پنجاب سے بجٹ میں مزید اضافے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے۔ بجٹ میں اضافے کی صورت میں پیف پارٹنرز کو مزید نئے بچوں کے داخلے کی اجازت دی جائے گی۔