چائنیزپیپلز لبریشن آرمی کےقیام کے 94 ویں یوم تاسیس پر جی ایچ کیو میں تقریب
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چائنیز پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں، باہمی مفادات کےتحفظ کے لیے ہمارےتعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کےقیام کے94 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں جی ایچ کیو میں تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ تھے۔چینی سفیر، ڈیفنس اتاشی اور دیگراعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف نےدفاع، سیکیورٹی اور نیشن بلڈنگ میں پی ایل اےکی قیادت کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کےمنفرد اور انتہائی قریبی تعلقات ہیں ہرچیلنج کےدوران پاک چین تعلقات مثالی نوعیت کےہیں باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئےانتہائی اہم ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ماضی اور حال میں ہر چیلنج میں ہم نےایک دوسرےکاساتھ نبھایا، چائنیزپیپلزلبریشن آرمی (پی ایل اے) اور پاک فوج مشکل وقت کےبھائی ہیں باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارےتعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔
چین کے دفاعی اتاشی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات خطےمیں مثالی نوعیت کے لیے ہیں پاکستان اورچین ہرموسم کےدوست، اسٹریٹیجک پارٹنر اور آہنی بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیابدل سکتی ہےہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، اپنےمفادات جغرافیائی تحفظ، علاقائی امن و استحکام کیلئے متحد ہیں۔