کپاس کے کاشتکارروں کےلئے جلد خوش خبری کا امکان ،
امدادی قیمت فی من مقرر کرنے پر حکومتی سطح پر غور شروع
کپاس کی خریداری کے لئے اس کی امدادی قیمت فی من مقرر کرنے پر حکومتی سطح پر غور شروع کر دیا گیا ہے، اور جلد خوشخبری کا امکان ہے۔
اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے جلد کوئی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
یہ بات وائس پریذیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمد علی تالپور نے اپنے ایک بیان میں کہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کپاس کی امدادی قیمت سے متعلق ایسا پائیدار حل چاہتی ہے کہ جس سے کپاس کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ اس کی کوالٹی بھی بہتر ہو اور اس کے لئے اعلی حکومتی سطح پر سفارشات پیش کی جا رہی ہیں۔
کپاس کی امدادی قیمت کا تعین اوسط پیداوار اور پیداواری لاگت کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔
ڈاکٹر علی تالپور کا کہنا تھا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو صوبہ پنجاب سے بھی کپاس کی امدادی قیمت سے متعلق سفارشات موصول ہو چکی ہیں اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے جلد خوشخبری کا امکان ہے اور بہت جلد ای سی سی کے اجلاس میں کپاس کی امدادی قیمت کی سمری بھیجنے کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اس بارے اعلی حکومتی کمیٹی جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔
ڈاکٹر علی تالپور کا مزید کہنا تھا کہ چند روز پہلے کپاس کے کاشتکاروں کو دیا جانے والا 10ارب روپے سے زائد کا پیکج بھی کپاس کی بحالی وفروغ کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔