ملازمین کا احتجاج: زکریا یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک اور کمیٹی ڈال دی
زکریا یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے جذبات سے کھیلنے لگی، نوٹیفکیشن نہ کرنے کےلئے حیلے بہانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، کمیٹی کمیٹی کھیلتے کھیلتے ایک بار پھر ایک اور کمیٹی ڈال دی جو معاملات کا جائزہ لے گی ۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی ایمپلائز یونین کی طرف سے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ، جمعرات کی شب ہونےوالے مذاکرات کے بعد ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنادی گئی ،جس میں پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان ،پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور ڈاکٹر امتیاز وڑائچ اور ایمپلائز یونین کے بڑے عہدیدار شامل ہیں۔
کمیٹی کے فرائض ڈیلی ویجز ملازمین کے کیسز کا جائزہ لیکر رپورٹ کرنا تھی گزشتہ روز کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ساری رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا اور اصولی موقف سامنے آیا کہ ملازمین کا موقف درست ہے ، سینڈیکیٹ کے فیصلے کے بعد کوئی گنجائش نہیں رہتی مگر کمیٹیاں بنائیں گئی جو غیر ضروری تھیں حتیٰ کہ یہ کمیٹی بھی اضافی ہے اس لئے وائس چانسلر کو رپورٹ کی جائے گی، اور ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش کی جائے گی، جس پر اجلاس ختم کردیا گیا۔
تاہم ملازمین نے احتجاج ختم نہ کیا اور کریش ہال میں دھرنا دئے بیٹھے رہے، صدرملک صفدر اور رانا مدثر کا کہنا تھا کہ احتجاج کا سلسلہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا اور آج بھی بھرپوراحتجاج کیا جائے گا ۔ منگل کے بعد احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا