ارشد شریف کی طرح موت قبول ہے مگر غلامی نہیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے ارشد شریف کی طرح موت قبول ہے مگر چوروں کی غلامی نہیں۔
سادھوکی میں جاری حقیقی آزادی مارچ میں خصوصی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ یہ عام لانگ مارچ نہیں بلکہ انقلاب ہے، حقیقی آزادی کے لیے پوری عوام نکل آئی ہے، جب یہ اسلام آباد میں پبلک دیکھیں گے تو الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائیں گے۔
دریں اثنا لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ صحافی ملک چھوڑ کر باہر جا رہے ہیں، معید پیرزادہ اور ارشاد بھٹی ملک سے باہر چلے گئے، اس سے پہلے صابر شاکر ملک چھوڑ کر باہر بھاگ گیا، پاکستان کا نمبرون صحافی ارشد شریف شہید راہ حق پر کھڑا تھا، ارشد شریف کو دھمکیاں دی گئیں، ارشد شریف کو چینل سے نکلوایا گیا۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ جیسے چوہے ہمیں دھمکیاں نہ دو، یہ چوروں اور مجرموں کا ٹولہ ہے، رانا ثنا اللہ نے 18 قتل کیے، شہباز شریف نے اربوں روپے لوٹے، نواز شریف ملک چھوڑ کر بھاگ گیا، آصف علی زرداری اس ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر زرداری کو بیماری لگ جاتی ہے۔