پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بڑی بیٹھک
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ہیڈ آفس میں چیئرمین پیف محمد عامر عنایت خان شاہانی کی سربراہی میں اپلیٹ کمیٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں بورڈ ممبر ثانیہ کامران اور عاصمہ وزیر ی نے بطور ممبر اپلیٹ کمیٹی شرکت کی۔
اجلاس میں 13سے زائد پیف پارٹنرز اور پیف ملازمین کے مینجمنٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر شدہ اپیلوں کی سماعت کی گئی۔
میٹنگ میں کینسل شدہ سکول مالکان کو سنا گیا اور پیف ملازمین کی اپیلیں بھی زیر سماعت لائی گئیں۔
اپلیٹ کمیٹی میں میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے چند سکولوں کی پارٹنر شپ کو موقع پر بحال کر دیا گیا۔
چیئرمین پیف محمد عامر عنایت خان شاہانی نے کہا کہ اپلیٹ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد پارٹنر سکولوں اور پیف ملازمین کے تحفظات کو وقت پر دور کرنا ہے ، اور اس کمیٹی میں اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جاتاہے کہ کمیٹی کے فیصلے سو فیصد انصاف پر مبنی ہوں اور کسی بھی پارٹنر سکول یا پیف ملازم کی حق تلفی نہ ہو۔
اس موقع پر بورڈ ممبر ثانیہ کامران نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی طور پر سکولوں کو کینسل کرنا نہیں ہے تاہم سکول مالکان پیف کے قوانین اور ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فروغ تعلیم میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کی یہ کوشش ہے کہ جتنی اپیلیں پیف میں موصول ہوں انکو جلد از جلد پیف کے مروجہ قوانین کے مطابق نمٹایا جائے۔