Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

دو روزہ لرننگ فیسٹیول کا آغاز، پہلے روز بیس سے زائد سیشنز میں سینکڑوں بچوں اور اساتذہ کی شرکت

علم و آگہی، کتاب دوستی اور نت نئے آئیڈیاز کے ساتھ ملتان میں دو روزہ لرننگ فیسٹیول کا آغاز، پہلے روز بیس سے زائد سیشنز میں سیکڑوں بچوں اور اساتذہ کی شرکت، محکمہ ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے طلباء و طالبات میں علم بانٹنے والی ‘کتاب گاڑی’ کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کے اشتراک سے ملتان میں دو روزہ لرننگ فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے۔

اس سلسلے میں افتتاحی تقریب گورنمنٹ مسلم بوائز ہائی سکول ملتان میں منعقد ہوئی، جس کی مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی جب کہ مہمانان اعزاز گروپ ڈائریکٹر بنک آف پنجاب آصف ریاض اور سی ای او ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان بیلا رضا جمیل تھے۔

افتتاحی تقریب میں سی ای او ایجوکیشن ملتان فیض عباس، ڈی ای او شیخ محمد رفیق، معروف موٹیویشنل اسپیکر خواجہ مظہر صدیقی، صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب اور مصنف محمد فہیم عالم، سیکشن آفیسر و فوکل پرسن ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ حنا چوہدری، رانا محمد اکرم، تعلیمی افسران، ادیبوں اور اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی۔

اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کے اشتراک سے ملتان میں پہلی بار لرننگ فیسٹیول کا انعقاد طلبہ میں نت نئے آئیڈیاز کا ذریعہ بنے گا۔

سی ای او ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان بیلا رضا جمیل نے کہا کہ لرننگ فیسٹیول کے انعقاد سے طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے اور ان کے اندر سیکھنے کے جذبے کو کثیر الجہتی فروغ حاصل ہو گا، اور اس سے وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بنیں گے۔

بنک آف پنجاب کے گروپ ڈائریکٹر آصف ریاض نے تقریب کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لرننگ فیسٹیول کا انعقاد کتب بینی اور تعلیم و آگہی کے فروغ کی سماجی تحریک کے طور پر کیا گیا ہے۔

دریں اثناء فیسٹیول کے پہلے روز داستان گوئی، بچوں کے ادب کے لیے ڈیجیٹل دنیا کے نئے رجحانات، موسمیاتی تبدیلی، بچوں کی سبز کتاب، دستکاری، بلیو پوٹری، ڈیجیٹل سیفٹی اور سکیورٹی کے ذریعے زندگی کی مہارتیں سیکھنے، پرفارمنگ آرٹس، لوک رقص، تخلیقی تحریر، تھیٹر اینڈ میوزک اور دیگر موضوعات پر بیس سے زائد سیشنز منعقد کیے گئے، جس میں سعدیہ سرمد، عبدالرحمٰن، مہر حسین، خواجہ مظہر صدیقی، محمد فہیم عالم، محمد ندیم اختر، امامہ معین اویسی اور دیگر شخصیات نے ان سیشنز میں طلبہ کو آگہی فراہم کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے بیلا رضا جمیل اور آصف ریاض کے ہمراہ فیسٹیول میں بک فیئر اور موبائل لرننگ لائبریری (کتاب گاڑی) کا افتتاح کیا۔

فیسٹیول میں طلباء و طالبات کی طرف سے ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے۔

لرننگ فیسٹیول کے دوسرے روز آج (بروز ہفتہ) گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسیو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت میں تقریب منعقد ہو گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button