انرولمنٹ مہم کے اہداف مکمل کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں: سیکرٹری سکولز
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی افسران سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے، اور انرولمنٹ مہم کے اہداف مکمل کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں، سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی اور مستقبل میں بہتر حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بچانے کے لیے پیشگی پلان تشکیل دیا جائے۔
وہ قائد اعظم اکیڈمی ڈیرہ غازی خان کے کمیٹی روم میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے جائزے کے لیے قائم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، سیکشن آفیسر حنا چوہدری کے علاوہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب، محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن پنجاب، محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب، محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور یونی سیف کے حکام، ڈیرہ غازی خان کے سی ای او ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، یونی سیف کے حکام اور آفات زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سیلاب زدہ سکولوں میں ڈیزاسٹر رسک میں کمی کی پالیسیوں اور حکمت عملیوں کا اطلاق ہے تاکہ نئے آفات کے خطرے کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے ڈیرہ غازی خان میں انرولمنٹ مہم بھی متاثر ہوئی تھی، انہوں نے سی ای او ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان کو ہدایت کی کہ انرولمنٹ مہم کے اہداف کی تکمیل کے لیے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے ساتھ ساتھ ابتدائی کیمپنگ اور آباد کاری کے لیے بھرپور کام جاری ہے۔ اس عمل میں محکمہ تعلیم کے علاوہ یونی سیف اور دیگر فلاحی تنظیموں کا اہم کردار رہا۔
اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو انرولمنٹ ڈرائیو پر بریفنگ دی گئی، اور گزشتہ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔
دریں اثناء سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے دورے کے موقع پر ورکشاپس، ہوٹلوں وغیرہ پر کام کرنے والے محنت کش بچوں کے لیے قائم صبح نوء سکول کا معائنہ کیا، اور کلاس رومز میں جا کر طلباء سے تبادلہ خیال کیا، اور ان سے سوالات پوچھے۔
بعد ازاں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے خواجہ سراؤں کے لیے قائم ہونے والے ٹرانس جینڈر سکول کا دورہ کیا اور ٹرانس جینڈر طلبہ کو ہنرمندی اور فنی تربیت کی غرض سے قائم کی جانے والی ووکیشنل لیب اور کمپیوٹر لیب کا معائنہ کیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گدائی کا دورہ کر کے انرولمنٹ مہم کی جانچ پڑتال کی، اس موقع پر انہوں نے سکول میں نئے داخل ہونے والے بچوں کا اندراج بھی کیا اور سکول میں کلاس رومز جا کر طالبات سے سوالات پوچھے اور تدریسی معیار کا جائزہ لیا۔
ڈیرہ غازی خان آمد پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے میاواکی جنگل کا معائنہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، اور آج ہونے والے سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات کے حوالے سے سکولوں میں انتظامات کا جائزہ لیا۔