ویمن یونیورسٹی میں ورلڈ فارماسسٹ ڈے منایا گیا
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کی متی تل کیمپس میں ورلڈ فارماسسٹ ڈے منایا گیا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ فارمیسی کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر کنول رحمان نے کہا کہ فارماسسٹ کا عالمی دن صحت کی دیکھ بھال ادویہ کے مؤثر اور محفوظ استعمال بارے آگاہی فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر کنول رحمٰن نے کہا کہ آئندہ سال شعبہ فارمیسی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے شعبہ فارمیسی کے تمام اساتذہ اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ یونیورسٹی کی نئی پہنچان بنتا جارہا ہے، طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنے اساتذہ کی پیروی کریں اور ریسرچ مقالے تحریر کریں۔
انہوں نے نئی آنے والی طالبات کو کہا کہ وہ دل جمعی سے تعلیم حاصل کریں، کیونکہ معاشرے کو آپ جیسے افراد کی ضرورت ہے جو صحت اور ادویہ کے بارے میں آگاہی دے سکیں۔
اس موقع پر طالبات میں پوسٹر سازی کے مقابلے بھی ہوئے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ دئے گئے، اور تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔
بعدازاں چغتائی لیب کی جانب سے ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مفت بلڈ شوگر ٹیسٹ ، وٹامن ڈی کی سطح کی جانچ اور دیگر خدمات پیش کی گئیں۔
اس موقع پر ویمن یونیورسٹی ملتان اور چغتائی لیب کے درمیان مفاہمت کی ایک اہم یادداشت پر دستخط ہوئے جس کی روسے ویمن یونیورسٹی کے ملازمین کے لیے پنک کارڈ پروگرام جاری کیا جائے گا، جس سے ان کو خدمات کے عوض رعایت دی جائے گی۔
تقریب کا اختتام فارماسسٹ کے عالمی دن حوالے سے واک کی واک کا عنوان ’’منشیات سے جنگ ‘‘ رکھا گیا تھا، واک کی قیادت ڈاکٹر حمیرا نے کی ۔