جامعہ زکریا: ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن اور زکرین نیوٹریشن سوسائٹی کے زیر اہتمام "وائٹ کوٹ” تقریب
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن اور زکرین نیوٹریشن سوسائٹی کے زیر اہتمام وائٹ کوٹ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈیپارٹمنٹ میں نئے آنے والے طلبہ کو وائٹ کوٹ کی اہمیت سے روشناس کروایا گیا۔
تقریب میں ماہرین غذائیت اور فیکلٹی ممبران نے نیوٹریشن کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، اور طلباء کے اپنے کیریئر کے حوالے سے مختلف سوالوں کے جوابات دیئے۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر وائٹ کوٹ میڈیکل پروفیشن سے وابستہ ہونے کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ وائٹ کوٹ ہمیں ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہےیہ وائٹ کوٹ ہمارے پیشے سے کمٹمنٹ ہے۔
چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر محمد توصیف سلطان نے تقریب میں تمام نئے طلبہ اور طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا پروفیشن کی طرف پہلا قدم ہے، یہ وائٹ کورٹ آپ کو احساس دلائے گا کہ آپ ایک نوبل پروفیشن کے ساتھ منسلک ہیں اور آپ پر انسانیت کی بہت سی ذمہ داریاں عائد ہیں۔ بنیادی طور پریہ انسانیت کی خدمت کی طرف پہلا قدم ہے۔
بعد ازاں انچارج سٹوڈنٹس آفیئر ڈاکٹر خرم افضل نے طلباء و طالبات کو عملی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر طارق اسماعیل نے اس موقع پر کہا کے اس پروفیشن میں آپ کا کردار اجلا ہونا چاہیے۔
کوارڈینیٹر ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن ڈاکٹر عدنان امجد نے نیوٹریشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی بعد اذاں پریزیڈنٹ زکریا نیوٹریشن سوسائٹی محمد احمد نے نئے آنے والے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکریا نیوٹریشن سوسائٹی گزشتہ سال سے ڈیپارٹمنٹ میں منعقد ہونے والے آگاہی پروگرامز اور سیمینار منعقد کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے نئے آنے والے طلبہ بھی اس سوسائٹی کا حصہ بن کر مختلف آگاہی پروگرامز میں اپنا کردار بخوبی نبھا سکتے ہیں۔
تقریب میں رواں سال کے لیے منتخب کردہ ایگزیکٹو ٹیم ممبرز کو ان کی مقررہ زمہ داریاں تفویض کی گئی اور تقریب کا اختتام حلف برداری سے کیا گیاز جس میں منتخب کردہ ایگزیکٹو باڈی نے اپنی ذمہ داریاں مکمل خلوص سے نبھانے کا عہد کیا۔