زکریا یونیورسٹی : ہیومن نیوٹریشن کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی سیمینار
بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان فیکلٹی آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے شعبہ ہیومن نیوٹریشن کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر، مہمان خصوصی ڈاکٹر اعجاز مسعود، چیئرمین ڈاکٹر محمد توصیف سلطان، ڈاکٹر محمد ریاض، ڈاکٹر انیلہ حمید، ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر طارق اسماعیل، ڈاکٹر عدنان امجد اور کثیر تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
سیمینار میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے اپنے خطاب میں بریسٹ کینسر کی حفاظتی تدابیر اور روک تھام کے سلسلے میں مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جبکہ مہمان خصوصی سابقہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود نے تفصیل کے ساتھ بریسٹ کینسر کی علامات، اس کی تشخیص اور اس سے بچاؤ سے متعلق سامعین کو آگاہ کیا، اور اپنا معائنہ خود کرنے سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
ڈاکٹر اعجاز مسعود نے خاص طور پر نیم حکیم لوگوں کی باتوں پر دھیان نہ دینے اور سپیشلسٹ ڈاکٹر سے معائنہ کرانے پر زور دیا، اور ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق ادویات اور علاج شروع کروانے پر زور دیا۔
ان کے مطابق ہر شخص کو سالانہ اپنا مکمل طبی معائنہ کرانا چاہیے جو کہ کینسر کی تشخیص اور علاج میں بہت کار آمد ثابت ہوتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد توصیف سلطان نے کینسر سے بچاؤ کے لیے مناسب اور صحت بخش غذا کی اہمیت اور اس کے علاج سے متعلق ہونے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس سلسلے میں طلباء و طالبات کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اپنے گھر اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو کینسر سے آگاہ کرنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی متواتر تقریبات کے انعقاد کا طلباء و طالبات میں دور حاضر کے غذائی مسائل سے آگاہی میں اہم کردار ادا کرنے میں اور یونیورسٹی کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی واک کی گئی جس میں مہمانان، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔