زکریا یونیورسٹی : انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں کینسر کی آگاہی سے متعلق سیمینار کا انعقاد
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں کینسر کی آگاہی سے متعلق ایک سیمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد کینسر کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔
تقریب کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد ڈین فیکلٹی آف سائنس و ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کی استقبالیہ تقریر سے شروع ہوا، انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود نے کمیونٹی میں کینسر کی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے حاضرین کی موجودگی اور شرکت کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ یہ سیمینار ایک تعلیمی اور سمجھنے والی تقریب ہے، جو حاضرین کو کینسر کی ہسٹری سمجھنے اور اپنی اور اپنوں کی حفاظت کے اقدامات سنجیدگی سے لینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سیمینار کی اہم بات سابق وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کی موجودگی تھی، جو کینسر کے شعبہ کے بہت بڑے ماہر ہیں ۔ انہوں نے کینسر کی مختلف قسموں کے بارے میں بڑی قیمتی معلومات فراہم کیں اور بیماری کی پیچیدگی اور وجوہات پر روشنی ڈالی۔
اپنی تقریر کے دوران پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود نے اس بات پر زور دیا کہ کینسر کی تشخیص کو جلدی سکریننگ کے ذریعے کرلینا کامیاب علاج اور صحت یابی کے امکانات بڑھانے میں اہم ہے، انہوں نے مشکوک علامات آتی ہیں تو جلدی طبی مدد حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔