پیف کے چار سو طلباء نے آئی ٹی کورسز مکمل کرلئے
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے منسلک پارٹنر سکولوں کے 4سو سے زائد طلبا و طالبات نے آئی ٹی کورسز مکمل کر لیے، طلباء و طالبات نے سوشل میڈیا مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور انٹرپرنیورشپ پر مہارت حاصل کی ۔ طلباء و طالبات کے اعزاز میں اقبال ایلیمنٹری پبلک سکول، ملتان میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ارفع کریم ایجوکیشن سسٹم کے اشتراک سے آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے پیف طلباء کے اعزاز میں ایک پرُ وقار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان حافظ محمد قاسم تھے۔
تقریب میں کورس مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں پیف طلباء و طالبات نے 74 بزنس ماڈلز پیش کیے، جس کی ایویلیویشن تھرڈ پارٹی نے کی، ان ماڈل ایویلیویشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیمی میدان میں بہترین کردار ادار کر رہا ہےش اور پیف کے تعلیمی منصوبوں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں سکول کھولے گئے ہیں، جس سے اُن علاقوں کے بچوں کو گھروں کے نزدیک معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیف سے منسلک سکولوں کے بچوں کی بورڈ میں نمایاں پوزیشنز بھی آتی ہیں۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور میں ضروری مہارتوں پر عبور حاصل کرنے اور انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل معاشی طور پر خود مختار ہوسکے۔
ریجنل ڈائریکٹر ملتان مظہر عباس خان نے حافظ محمد قاسم، سیکرٹری خرم شہزاد اسلم قریشی، ارفع کریم فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن کرنل ریٹائرڈ امجد عبدالکریم رندھاوا، ارفع کریم فاؤنڈیشن کی وائس چیئرپرسن ثمینہ رندھاوا اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی سی ای او تابندہ اسلام اور دیگر مہمانان گرامی کو تقریب میں آمد پر خوش آمدید کہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر ملتان مظہر عباس خان نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ارفع کریم ایجوکیشن سسٹم کے تعاون سے پیف پارٹنر سکولوں کے 4 سو سے زائد طلباء وطالبات کو سوشل میڈیا مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور انٹرپرنیورشپ کورسز پر مہارت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارفع کریم فاؤنڈیشن نے نہ صرف پیف سے منسلک طلباء و طالبات کو آئی ٹی کورسز پر مہارت فراہم کی بلکہ فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک سلمان پبلک سکول کی کمپیوٹر لیب کو اپ گریڈ کرنے کے تمام تر اخراجات کی ذمہ داری بھی لی ہے۔