زکریا یونیورسٹی میں 26 کروڑ کے ہاکی اسٹیڈیم اور صوفی ازم سنٹر اختتامی مرحلے میں داخل
زکریا یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی پراجیکٹ تکمیل کے مرحلے میں داخل ہوگئے۔
یونیورسٹی انجینئر منٹینینس اینڈ ڈویلپمنٹ سعود منیر کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی گرانٹ سے جاری ترقیاتی پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے، اور یہ پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکےہیں، 12 کروڑ روپے سے تعمیر ہونے والے صوفی ازم سنٹر کی تعمیر میں رکاوٹ بننے والے مسائل کو ختم کردیا گیاہے، اور فنڈز کے ریلیز ہوتے ہی کام کی رفتار کو تیز کردیا گیا ہے۔
امید ہے مارچ کے اختتام پریہ سنٹر کام کرنے کےلئے تیار ہوگا، اسی طرح 14 کروڑ روپے سے تیار ہونے والے ہاکی سٹیڈیم بھی مکمل ہونے کو ہے، آسٹروٹرف کےلئے زمین تیار کرلی گئی ہے، رواں ماہ کے آخر میں آسٹروٹرف ملتے ہی بچھا دی جائے گی، جبکہ اس سٹیڈیم کا باقی کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ شعبہ منٹینینس میں تمام عملے کو متحرک کردیا گیا ہے۔
بجلی بلوں کی ریکوری کوبہتر بنادیا گیا ماہانہ ریکوری 21 لاکھ سے 50 لاکھ روپے ہوگئی ہے، ایسے عناصر جو بجلی کی چوری اور بجلی کے بلوں کی ریکوری میں رکاوٹ تھے، ان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے، جس کے خلاف محکمانہ کارروائی کےلئے اعلیٰ حکام کو تحریر کیا جارہا ہے۔
سعود منیر کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر منٹینینس تمام پراجیکٹ کو مانیٹر کررہے ہیں، کسی صورت میٹریل پر کمپرومائز نہیں کرتے، اس لئے جو پراجیکٹ تیار ہورہے ہیں وہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گے۔