پی ایس ایل 9: کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست، ملتان کے سلطانز 20 رنز سے فاتح، پوائنٹ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان
کراچی : ملتان سلطانز کے دیئے گئے 190 کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز 169 رنز بنا سکی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
میچ کے آغاز پر اوپنرز محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس کریز پر آئے اور پہلے اوور کے اختتام پر 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنا لیے، ہینڈرکس نے 3 بار گیند کو باؤنڈری تک پہنچایا تاہم ایک اور باؤنڈری کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد رضوان نے عثمان خان کے ساتھ شراکت داری میں 58 رنز بنائے، انہیں مزارابانی نے پویلین کی راہ دکھائی، افتخار احمد 19 ویں اوور کی پہلی گیند پرمحض 4 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہو گئے، عثمان خان نے آخری اوور میں چھکا مار کر اپنی سینچری مکمل کی، ان کے ساتھ شراکت داری کرنے والے خوشدل شاہ 5 گیندوں پر 6 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح 20 اوورز میں ملتان سلطانز نے 189 رنز بنا لیے۔
بعد میں کھیلتے ہوئے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے بلے باز پچ پر نہ جم سکے، اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بیٹر بھی نصف سنچری نہ بنا سکا، تجربہ کار شعیب ملک 38 اور کپتان شان مسعود 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عرفان خان 23 ، حسن علی 17 اور لیوس ڈوپلوئے 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جیمز وینس 7 اور ٹم سیفرٹ ایک رن بنا سکے، محمد نواز 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیوڈ ولی، محمد علی ، کرس جارڈن اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹ ٹیبل کے اعدادوشمار کے مطابق لیگ میں ملتان سلطانز کو ابتک صرف ایک ہی میچ میں شکست ہوئی ہے۔ ملتان سلطانز 6 میچز کھیل کر پانچ میں کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
کراچی کنگز اب تک اپنے پانچ میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں فتحیاب ہوئی جبکہ تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے۔
ملتان سلطانز کا سکواڈ رضا ہینڈرکس، محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، عثمان خان، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، فیصل اکرم اور محمد علی پر مشتمل تھا ۔
جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، لیوس ڈو پلوئے، عرفان خان نیازی، محمد نواز، حسن علی، زاہد محمود، میر حمزہ اور بلیسنگ مزارانی شامل تھے ۔